ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / گوا: ’چوکیداروں‘ نے ڈکیتی کی ہے : معطل نائب وزیراعلیٰ کی سخت تنقید

گوا: ’چوکیداروں‘ نے ڈکیتی کی ہے : معطل نائب وزیراعلیٰ کی سخت تنقید

Thu, 28 Mar 2019 01:07:51  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی :27 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)  گوا میں بی جے پی (BJP) قیادت والی پرمود ساونت حکومت کی حلف برداری کے سات دن بعد ہی بی جے پی نے اپنا داؤ چل دیا۔گوا کی مخلوط حکومت میں اتحادی مہا راشٹر وادی گومانتک پارٹی (MGP) کے کل تین ممبران اسمبلی میں سے دو بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ اس پارٹی کے رہنما اور نائب وزیر اعلیٰ سودین دھولیکر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ گوا کے سب سے قدیم سیاسی پارٹی ایم جی پی کے سامنے اب بحران پیدا ہو گیا ہے ۔ ایم جی پی کے دو اراکین اسمبلی کے اپنی پارٹی سے الگ ہو کر حکمران بی جے پی(BJP) میں شامل ہونے کے بعد گوا کے وزیر اعلی پرمود ساونت نے نائب وزیر اعلی سودین دھولیکر کو بدھ کو کابینہ سے باہر کا راستہ دکھادیا ۔سودین دھولیکر ایم جی پی کے واحد رکن اسمبلی تھے جو پارٹی سے الگ نہیں ہوئے تھےؒ ۔ سودین دھولیکر نے بی جے پی کے اس اقدام کو ’چوکیداروں کی ڈکیتی ‘قرار دیا۔ساونت نے گوا کی گورنر مردلا سنہا کے نام لکھے خط میں سودین دھولیکر کو ہٹائے جانے کی اطلاع دی۔انہوں نے کہا کہ میں نے سودین دھولیکر کو کابینہ سے ہٹا دیا ہے۔ خالی نشست کو پرُ کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔ ایک سرکاری اطلاع کے مطابق سنہا نے سودین دھولیکر کو ہٹائے جانے کی وزیر اعلیٰ کی سفارش قبول کر لی۔سودین دھولیکر نے کہا کہ جس طرح سے چو کیداروں نے جی ایم پی پر آدھی رات میں شب خون مارا ہے ، لوگ اسے دیکھ کر حیران ہیں۔ لوگ دیکھ رہے ہیں اور وہ طے کریں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ایم جے پی عوامی پارٹی ہے اور اس قسم کے اقدامات سے وہ ختم نہیں ہوگی۔ سودین دھولیکر کو نقل و حمل اور عوامی بہبود کی وزارت سونپی گئی تھی ، ان عہدہ کی ذمہ داری ابھی خود ساونت سنبھالیں گے۔ فی الحال نئی دہلی میں موجود گورنر سنہا نے اپنا دورہ وقت سے پہلے ختم کر دیا ہے۔ وہ سودین دھولیکر کا مقام لینے والے نئے وزیر کو حلف برداری کرنے کے لئے بدھ کی شام گوا پہنچیں گے۔


Share: